کیپٹن (ر) صفدر کی مزار قائد میں نعرے بازی، پی ٹی آئی رہنماؤں کا شدید ردعمل – ایکسپریس اردو

0
6

مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے موقعے پر کیپٹن صفدر نے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے لگوائے۔( فوٹو۔ اسکرین شاٹ۔

 کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے دوران احاطہ مزار میں ان کے شوہر کیپٹن (ر)  محمد صفدر نے نعرے بازی شروع کردی جس پر وفاقی وزرا کی جانب سے شدید ردّعمل سامنے آیا ہے۔  

کیپٹن (ر)  محمد صفدر نے مزار قائد کے احاطے میں ”ووٹ کو عزت دو“ کے نعرے لگائے۔،کیپٹن (ر)  محمد صفدر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قبر   کے احاطے میں داخل ہوگئے۔ قبر کے اطراف لگی جالیوں کو عبور کرلیا اور قبر کے ساتھ کھڑے ہوکر نعرے بازی کی اور کرائی۔وہاں موجود کارکنان نے بھی ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے۔

اس موقعے پر مریم نواز،مریم اورنگزیب،نہال ہاشمی اور علی اکبر گجر بانی پاکستان کی قبر کے اطراف لگی مرکزی جالیوں کے اندر موجود تھے۔

مزار قائد کے اندر نعرے بازی کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے ردعمل بھی سامنے آیا اور انہوں نے احاطے میں نعرے بازی کو مزار کے تقدس کی پامالی قرار دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز  نے کہا کہ ‏بابائے قوم کے مزارکو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ محسن پاکستان کے مزار پر جاکر معافی مانگتے کہ ہم نے ان کے بنائے وطن کو بے دردی سے لوٹا، نظریے سے انحراف کیا، اوراپنی جیبیں بھر کے پاکستان کے عوام کو کنگال کیا۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں مزار قائد میں نعرے بازی کی ویڈیو اس تبصرے کے ساتھ کی کہ سیاست دانوں بھیس میں اس جرائم پیشہ ٹولی کی جانب سے قائد کے مزار کے تقدس کی پامالی قابل قبول نہیں۔

اسی طرح وفاقی وزیر صنعت و پیدوار حماد اظہر نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں اس واقعے پر کڑی تنقید کی۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی کی زبان بولنے بولنے والوں نے مزار قائد کا تقدس پامال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیگم صفدر اور حواریوں کو مزار کے تقدس کا بھی احترام نہیں۔مزار قائد پر بدنظمی پیدا کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔ جن کا ایجنڈا آر ایس ایس کا ہو انہیں مزار قائد کے تقدس کی کیا پرواہ ہوگی۔ مریم صفدر اعوان اور حواری قوم سے معافی مانگیں۔



Source   by   Express News

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں