پروفیسر اقبال چوہدری جامعہ کراچی کی یونیسکو چیئر کے چیئر ہولڈر مقرر – ایکسپریس اردو

0
50

اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو چیئر آئی سی سی بی ایس میں قائم کی گئی ہے جس کے سربراہ ڈاکٹر پروفیسر محمد اقبال چوہدری ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کو آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی میں ادویاتی اور بائیو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری پر حال ہی میں قائم شدہ یونیسکو چیئر کا چیئر ہولڈر (نگراں) مقرر کردیا ہے۔

آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل نے پیرس میں کیا، ترجمان کے مطابق جامعہ کراچی میں یہ پہلی بین الاقوامی چیئر قائم ہوئی ہے جبکہ ملک کی یہ چوتھی چیئر ہے، ادویاتی اور بائیو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری پر یونیسکو چیئر سے پاکستان میں متعلقہ شعبے میں مثبت پیش رفت ہوگی اور اقوام متحدہ کے سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گولز کے حصول میں بھی معاونت ہوگی۔ ترجمان نے کہا ہے کہ اس چیئر کا قیام نہ صرف پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے بلکہ پروفیسر اقبال چوہدری کی تحقیقی خدمات کا اعتراف بھی ہے۔

واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ اس ضمن میں ان کی تقریباً1175سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں، امریکہ اور یورپ میں انکی تحریرو ادارت کردہ76کتب  شائع ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ40انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ مزیدبرآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو27ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے اور وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔

پاکستان میں یونیسکو کی نمائندہ محترمہ پیٹریشیا میک فلپس، شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، اور وزیر اعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین  پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن، نے پروفیسر اقبال چوہدری کو اُن کی اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔



Source   by   Express News

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں