پاکستان نے آرمینیا کا پاک فوج کی آذر بائیجان میں موجودگی کا الزام مسترد کردیا – ایکسپریس اردو

0
6

افسوس ہے کہ آرمینیا کی قیادت آذر بائیجان کے خلاف اپنے غیر قانونی اقدامات کو چھپانے کے لیے غیر ذمے دارانہ پراپیگنڈے کی آڑ لے رۃی ہے، ترجمان دفتر خارجہ(فوٹو، فائل)

 اسلام آباد: دفتر خارجہ نے آرمینیا کی جانب سے آذربائیجان کی مدد کے لیے  پاک فوج کے دستوں کی سرحدی علاقوں میں موجودگی کا الزام مسترد کردیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ 15 اکتوبر کو آرمینیا کے وزیر اعظم نے ایک روسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاک فوج پر قرہ باخ تنازعے میں آذر بائیجان کی مدد کا الزام عائد کیا ہے۔ پاکستان اس بے بنیاد الزام کو مسترد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آذر بائیجان کے وزیر اعظم الہام علیوف بھی اس کی تردید کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ آذر بائیجان کی فوج اپنی سرزمین کی حفاظت کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور اسے کسی غیر ملکی فوج کی مدد کرنے کی ضروری نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا افسوس ہے کہ آرمینیا کی قیادت آذر بائیجان کے خلاف اپنے غیر قانونی اقدامات کو چھپانے کے لیے غیر ذمے دارانہ پراپیگنڈے کی آڑ لے رہی ہے، یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ  پاکستان  آذر بائیجان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف برادر ملک آذر بائیجان کے دفاع کے حق کا ساتھ دیتا رہے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پائیدار امن اور دونوں فریقوں کے مابین تعلقات معمول پر لانے کے لیے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں اور آذر بائیجانی علاقوں سے آرمینیا کی فوج کا انخلا ضروری ہے۔



Source   by   Express News

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں